مقبوضہ کشمیر میں مسافر بس کو حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد13 افراد ہوگئی


 جموں:مقبوضہ کشمیر کے ڈوڈہ علاقے میں مسافر بس حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 13 افراد ہوگئی ہے،ڈوڈہ ضلع میںگذشتہ روز پیش آئے  ایک المناک سڑک حادثہ میں 3خواتین سمیت13 مسافرلقمہ اجل جبکہ 14  دیگرزخمی ہوئے ، جن میں سے 7 کو شدید زخمی حالت میں بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔

 ٹھاٹھری اور ڈوڈہ کے درمیان سڑک پر پیش آیا۔مسافروں سے کھچا کھچ بھری ایک گاڑی زیر نمبر JK17-4021 سوئی گواڑی کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر پانچ سو فٹ نیچے دریائے چناب میں جا گری جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 9 افراد لقمہ اجل جبکہ 17مسافر زخمی ہوئے جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔

حادثہ کے فورا بعد مقامی لوگ،پولیس،سیول انتظامیہ ،سیکورٹی فورسز ورضا کار تنظیموں کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کی۔اس دوران حادثے کی شکار ہوئے ابھی مسافروں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جس دوران ہسپتال میں مزید3 افراد نے دم توڑ دیا  اور دیر شام گئے ایک اور خاتون زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھی ،اس طرح حادثہ میں 3 خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے۔

جاں بحق ہوئے افراد کی شناخت،غلام حسین (60)ولد مقبول شاہ ساکن بہروت محالہ،شبیر احمد (30)ولد غلام حسین ساکن بہروت محالہ، ریتیک شرما(19)ولد لیکھ راج ساکن جٹھیلی، جمال دین (23)ولد لال دین ساکن محالہ، محمد لطیف (65)ولد محمد رمضان سیری، اناری دیوی(55) زوجہ سوامی راج ساکن برشالہ ٹھاٹھری،بہادر سنگھ(55)ولد ہری سنگھ ساکن بھیلا،سنتوش کمار (22)ولد سومناتھ ساکن محالہ،کمل سنگھ (40)ولد دھرم سنگھ ساکن پریوت و گوری دیوی (65)زوجہ بد لال ساکن ٹانٹنہ.راجیش کمار(23)ولد بدھی سنگھ ساکن پرنوت اورمونیکا دیوی دختر بنسی لعل ساکن پریم نگر کے بطور ہوئی ہے۔ 6 شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہیلی کاپٹر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا

سڑک حادثہ میں زخمی ہوئے 8 افراد گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں زیر علاج ہیں۔واضح رہے پچھلے ایک ماہ میں ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے سڑک حادثات میں 16 افراد لقمہ اجل و 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں