صدر نے حاجی غلام علی کی بطور گورنر خیبر پختونخوا تعیناتی کی منظوری دیدی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حاجی غلام علی کی بطور گورنر خیبر پختونخوا تعیناتی کی منظوری دے دی۔

صدرمملکت نے گورنر خیبرپختونخوا کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101کے تحت وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی ایڈوائس پر کی ہے۔ اس سے قبل بدھ کے روز ہی وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعیت علما اسلام (ف)سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر حاجی غلام علی کی بطور گورنر خیبر پختونخوا تعیناتی کی ایڈوائس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائی تھی۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق جمعیت علما اسلام(ف)کے امیر اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حاجی غلام علی کا نام گورنرخیبر پختونخوا کے عہدے کے لئے تجویز کیا تھا جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے حاجی غلام علی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کا فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے کیا ہے۔واضح رہے کہ میئر پشاور حاجی زبیر علی، حاجی غلام علی کے صاحبزادے ہیں۔