لانگ مارچ توشہ خانہ کے دلدل میں دھنس چکا ہے،سعد رفیق


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کے نہایت قیمتی تحائف کی لوٹ مارچھپانے کے لئے عمران خان اورانکے چیخے جھوٹ پرجھوٹ بول رہے ہیں مگربات نہیں بن رہی۔ کئی تحائف اونے پونے خریدکربیچے گئے، متعددتحائف بغیر اندراج غائب کیے گئے۔ لانگ مارچ توشہ خانہ کی دلدل میں دھنس چکا ہے ۔

توشہ خانے کا چور عمران۔ ان خیالات کااظہارخواجہ سعد رفیق نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کی چوری شدہ گھڑیاں بیچاری پی ٹی آئی کی چھیڑ بن چکی ہیں ۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت کو لانگ مارچ ،گالم گلوچ ،انا پرستی ،نفرت انگیزی اور قبل ازوقت الیکشن کا راگ الاپنے کی بجائے، سکون اورغوروفکر کی زیادہ ضرورت ہے۔زبان، عمل اور نیت کے شرسے خود بھی بچیں ، قوم کوبھی بچائیں ، یہاں کوئی برہمن ہے نہ اچھوت، سیاست کو مزید پراگندہ نہ کیا جائے۔