واشنگٹن(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت نے اقتصادی میدان میں تعاون کی نئی راہیں پیدا کی ہیں ۔
سفیر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار لاس اینجلس کے دورے کے دوران یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا، تھنک ٹینکس اور پاکستانی امریکی کمیونٹی تنظیموں سے خطابات کرتے ہوئے کیا۔سفیر پاکستان نے پاکستان اور امریکہ دو طرفہ تعلقات کی گہرائی اور تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں مستقبل میں یہ تعلقات مزید مضبوط اور دیرپا ہوں گے۔
سفیر پاکستان نے پاک امریکہ تعلقات کے تاریخی پس منظر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی دور سے ہی معیشت، سکیورٹی ، عوامی تبادلوں جیسے اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون نے پاکستان اور امریکہ کے مابین ایک مضبوط شراکت داری کی بنیاد رکھ دی تھی
انہوں نے کہا کہ سرد جنگ اور بعد ازاں دہشت گردی کی جنگ میں دونوں ممالک شراکت دار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ تعلقات کا تزویراتی پہلو ابھی بھی اہم جزو ہے تاہم دونوں ممالک ایک وسیع البنیاد شراکت داری کے قیام کے لئے کوشاں ہیں جس کا محور تجارت اور سرمایہ کاری، تعلیم، ماحولیاتی تبدیلی ، آئی ٹی اور زراعت میں تعاون کا فروغ ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں قدرے غیر یقینی کی صورتحال تھی جبکہ حالیہ اعلی سطح کے تبادلوں اور روابط اور پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کسی دوسرے ملک کے زاویے سے ہٹ کر دیکھنے کے رجحان نے ان تعلقات کو وسیع البنیاد شراکت داری میں بدل دیا ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت نے اقتصادی میدان میں تعاون کی نئی راہیں پیدا کی ہیں۔
مسعود خان نے کہاہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور امریکا پاکستان کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ گذشتہ سال پاکستان کی امریکا کیلئے برآمدات 7 ارب ڈالر سے بڑھ کر 9 ارب ڈالر زتک ہو گئیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اپنے جغرافیائی محل وقوع اور متاثر کن آبادی کی وجہ سے خطے میں ایک اقتصادی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے ۔مسعود خان نے کہا کہ معروف امریکی کمپنیاں جن میں پراکٹر اینڈ گیمبل، ایبٹ اور کارگل شامل ہیں گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں۔سفیر پاکستان نے مستقبل قریب میں ٹیک سیکٹر کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں کلیدی شعبہ قرار دیا۔
مسعود خان نے پاکستان میں موسمیاتی سیلاب سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔سفیر پاکستان نے حالیہ سیلاب کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں میں امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ 97 ملین امریکی ڈالر کی امداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ طویل المدتی بحالی اور تعمیر نو کے لئے بین الاقوامی برادری سے مزید امداد اور تعاون کی ضرورت ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان گرین ہائوس گیسز کے سب سے کم اخراج کرنے والے ممالک میں ہونے کے باوجودموسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہونے والا8 واں بڑاملک ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے ازالے اور انصاف کا خواہاں ہے اور گرین مستقبل کی تعمیر کے لیے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے حوالے سے تعلقات کی نئی جہت اور طرز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعلقات تعاون کو فروغ دینے اور غلط فہمیوں کے دور کرنے کے ضمن میں تھنک ٹینک کمیونٹی کے ساتھ روابط اور بہتر تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ دو طرفہ تعلقات میں نوجوانوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکی نوجوان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری اور مضبوطی کیلئے سپر کنیکٹر کا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال میں مہارت رکھنے والی نوجوان نسل سوشل میڈیا کو برے کار لا تے ہوئے پاکستان اورامریکہ کے تعلقات میں مثبت پہلوئوں کو اجاگر کر سکتے ہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان معیشت کی بہتری کیلئے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کر رہی ہے اور نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کیلئے جامع اقدامات کیے جارہے ہیں۔
سفیر پاکستان نے طلبا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے شعبہ جات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور اپنی قابلیت کو برے کار لاتے ہوئے پاکستان اور امریکہ دونوں ممالک کی ترقی وخوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
دریں اثنا سفیر پاکستان نے لاس اینجلس میں چرچ آف جیسس کرائسٹ آف لیٹر -ڈے سینٹس کی قیادت کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے چرچ کی قیادت کو پاکستان اور امریکہ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک میں تزویراتی امور پر تعاون پایا جاتا ہے تاہم دونوں ملکوں میں مضبوط شراکت داری کی بنیاد عوامی روابط ہیں۔
سفیر پاکستان نے چرچ آف لیٹر -ڈے سینٹس کی طرف سے پاکستان میں ہیلتھ کیئر سمیت فلاحی سرگرمیوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہا،مسعود خان نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی کوششوں میں 2 ملین امریکی ڈالر کی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا
سفیر پاکستان نے کہا کہ چرچ کی امریکہ میں سفارتی برادری تک رسائی مختلف عقائد کے افرادکے درمیان افہام و تفہیم پیدا کرنے کا ایک موثر طریقہ ہے،چرچ کے ڈائریکٹر پبلک اینڈ انٹرنیشنل افیئرز میتھیو بال نے سفیر پاکستان کو پاکستان میں انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے چرچ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 1995 سے اب تک چرچ کی جانب سے پاکستان میں 107 فلاحی منصوبے پر کام کیا گیا ہے ۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد چرچ نے مقامی این جی اوز کے ساتھ مل کر 9 فلاحی منصوبوں پر کام کیا ہے جن میں ہنگامی رہائش گاہوں کی فراہمی ، صاف پانی کی فراہمی ،طبی سامان، پانی صاف کرنے کی کٹس اور خوراک کی فراہمی شامل ہے اور یہ تمام یہ منصوبے سیلاب سے متاثرہ تمام صوبوں میں لگائے گئے ہیں جن سے 2 لاکھ 30 ہزارافراد کو فائدہ پہنچا ہے۔