اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو سیاسی دہشتگرد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کچھ چیزوں کو کنٹرول کرنا ضروری ہے، عدالت کو یقین دہانی کروائیں گے توجلسہ کی اجازت دینگے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ گزشتہ روز اسلام آبادمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کی ہمیشہ گنجائش رہتی ہے، کوئی سیاست دان مذاکرات کرنے کیلئے دروازے بند نہیں کرتا، ہم مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو عمران خان گالیاں دینا شروع کر دیتے ہیں، حکومت سیاست دانوں سے مذاکرات کر سکتی ہے، عمران خان سیاست دان نہیں بلکہ سیاسی دہشتگرد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو یہی پیشکش ہے کہ اسمبلی کی اپنی مدت پوری ہونی چاہئیے،پی ٹی آئی نے اسلام آباد آنے کی اجازت لینے کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، عدالت کو یقین دہانی کروائینگے تو اجازت دینگے کچھ چیزوں کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عام آدمی کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، اظہار راے کی آزادی پر قدغن نہیں لگائیں گے ،صحافتی تنظیمیں سوشل میڈیا کے حوالے سے راہنمائی کریں، اس معاملے پر بل پارلیمنٹ میں لیکر آئینگے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے لوگوں کی نجی زندگی کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، سوشل میڈیا میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کو کنٹرول کرناچاہیے، اگر بل سے آزادی اظہار رائے پر قدغن لگی تو حکومت بل واپس لے گی۔