کراچی (صباح نیوز)حقیقی معنوں میں شہر قائد کی آواز کون اٹھا رہا ہے، شہر کے مسائل کون حل کر سکتا ہے کراچی کا میئرکسے ہونا چاہئے کراچی کے عوام نے حافظ نعیم الرحمان کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا،
ایک سروے میں عوام کی اکثریت نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کوشہر قائد اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے بہترین قرار دیا ہے۔ نجی سروے کرنے والے ادارے پلس کنسلٹنٹ نے چار روز کے دوران عوام سے مختلف سوالات کیے، سترہ سے بیس ستمبر کے دوران ایک ہزار سے زائد شہریوں نے اس سروے میں حصہ لیا،جن کی عمر سولہ سال سے پچپن سال کے درمیان تھی۔ سروے کے دوران عوام سے تین طرح کے سوالات کیے گئے۔
پہلا سوال پوچھا گیا کہ کراچی کے مسائل کیلئے کون آواز اٹھا رہاہے تو 58 فیصد عوام نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے حق میں ووٹ دیے،پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق میئر مصطفی کمال کے حق میں صرف14 ووٹ آسکے، تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی کو 6 فیصد جبکہ پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور ایم کیو ایم پاکستان کے وسیم اختر کو صرف 4 فیصد لوگوں نے پسند کیا۔گیارہ فیصد نے ان میں سے کسی کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔
دوسرا سوال پوچھا گیا کہ کراچی کے مسائل کون حل کر سکتا ہے تو 46 فیصد نے حافظ نعیم الرحمان،12 فیصد مصطفی کمال،8 فیصد فردوس شمیم نقوی،5 فیصد نے مرتضیٰ وہاب اور چار فیصد نے وسیم اختر کے حق میں ووٹ دیے۔6 فیصد نے دیگر امیدواروں کے حق میں ووٹ دیے کہ وہ کراچی کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ اسی طرح تیسرا سوال پوچھا گیا کہ کراچی کا آئندہ میئر کسے ہونا چاہئے تو یہاں بھی عوام نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے حق میں ہی ووٹ دیا۔ 51 فیصد نے حافظ نعیم الرحمان،16 فیصد نے مصطفیٰ کمال7 فیصد نے شمیم نقوی،5 فیصد مرتضیٰ وہاب اور چار فیصد نے ووٹ دیے کہ وسیم اختر کو کراچی کا میئر ہونا چاہئے۔ جبکہ دس فیصد نے رائے دی ہے کہ ان میں سے کسی کو کراچی کا میئر نہیں ہونا چاہئے۔
اسی سروے کے مطابق قومی اسمبلی اور کراچی میونسپل کارپوریشن میں کون سی جماعت کو عوام پسند کرتے ہیں اعداوشمار سامنے آ گئے۔ 32 فیصد عوام پاکستان تحریک انصاف اور 28 فیصد عوام جماعت اسلامی کو قومی اسمبلی میں نمائندگی کیلئے ووٹ دینا چاہتے ہیں۔جبکہ کراچی میونسپل کارپوریشن کیلئے 28 فیصد لوگوں نے جماعت اسلامی اور 24 فیصد نے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں اپنی رائے دی ہے۔7 فیصد کا خیال ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو قومی اسمبلی میں نمائندگی کا حق ہے جبکہ 5 فیصد نے مسلم لیگ ن،4 فیصد نے ایم کیو ایم پاکستان،3 فیصد تحریک لبیک پاکستان،ایک فیصد پاک سرزمین پارٹی اور8 فیصد عوام ان جماعتوں میں سے کسی کو ووٹ نہیں دینا چاہئے۔
کراچی میونسپل کارپوریشن کیلئے 8 فیصد عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی،2 فیصد ایم کیو ایم پاکستان،2 تحریک لبیک پاکستان ،اور 2 ہی فیصد عوام نے پاکستان سرزمین پارٹی کے حق میں اپنی رائے دی ہے جبکہ ایک فیصد نے پاکستان مسلم لیگ ن کو پسند کیا ہے۔ سروے کے دوران 8 فیصد عوام ان جماعتوں میں سے کسی کو ووٹ نہیں دینا چاہئے۔