کسی پروپیگنڈے اور گمراہ کن معلومات کو پاک امریکا تعلقات کے آڑے نہیں آنے دیں گے، امریکا


واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ کسی پروپیگنڈے اور گمراہ کن معلومات کو پاک امریکا تعلقات کے آڑے نہیں آنے دیں گے، ہم نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے اور اس حوالے سے ہماری رائے برقرار ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے دوران ایک بار پھر اپنی حکومت کو گرانے میں امریکی سازش کے ملوث ہونے کے مسلسل دعوے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں، امریکا حقائق کی مدد سے غلط معلومات کا مقابلہ جاری رکھے گا، ہم غلط معلومات کا مقابلہ حقائق کی مدد سے ہی کر سکتے ہیں، پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ محکمہ خارجہ کی جانب سے سے کئی بار ایسے دعووں کو مسترد کیا جا چکا ہے کیونکہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم پروپیگنڈے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم پاکستان کے ساتھ قابل قدر دوطرفہ شراکت سمیت اہم دو طرفہ تعلقات کی راہ میں غلط اور گمراہ کن معلومات کو آڑے نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امریکا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعاون کی قدر کرتے ہیں، ہم نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے اور اس حوالے سے ہماری رائے برقرار ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کا ابھی اعلان نہیں ہوا لیکن ہم نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں آئینی اور جمہوری انتخابات کے پرامن انعقاد کی حمایت کرتے ہیں، یہ وہ مسائل ہیں جن پر ہم دنیا بھر میں موجود ہمارے شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں دوحہ میں طالبان کے ساتھ دوبارہ بات چیت ہوئی جس میں امریکی تحفظات کے بارے میں انہیں بتایا۔