اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے عام استعمال کی دوائی پیراسٹامول قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔جبکہ وزارت دفاع کیلئے 30 ارب 88 کروڑ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں اراکین نے فارماسوٹیکل کمپنیوں کے ساتھ پیراسٹامول کیلئے طے پانے والی نظر ثانی شدہ قیمتوں کی بھی منظوری دیدی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق500 ملی گرام کی سادہ پیر اسٹامول ٹیبلٹ کی قیمت 1.87 روپے سے بڑھا کر2.35 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے فارماسوٹیکل کمپنیوں نے 500 ملی گرام کی سادہ پیرا سٹامول ٹیبلٹ کی قیمت 2.67روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔وزارت خزانہ کے مطابق 500 ملی گرام کی پیرا سٹامول ایکسٹرا ٹیبلٹ کی قیمت 2.19روپے سے بڑھا کر2.75 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے فارماسوٹیکل کمپنیوں نے 500 ملی گرام کی پیرا سٹامول ایکسٹرا ٹیبلٹ کی قیمت3.32 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ پیراسٹامول سیرپ کی قیمت104.8 روپے سے بڑھا کر117.6 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی ہے فارماسوٹیکل کمپنیوں نے پیرا سٹامول سیرپ کی قیمت117.6 روپے ہی مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اجلاس کے دوران ای سی سی نے غلطیوں سے پاک قرآن پاک کی پرنٹنگ و پبلشنگ اور درآمد کی مشروط اجازت دینے کیلئے درآمدی پالیسی آرڈر 2022میں ترامیم کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں قرآن پاک کی درآمد متعلقہ وفاقی و صوبائی اتھارٹیز کے این او سی سے مشروط کردیا گیا۔اجلاس میں وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کیلئے ایک ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی جبکہ ای سی سی نے دفاعی سروس ڈیفنس ڈویژن کو رواں مالی سال کیلیے انتہائی اہم ضروریات کیلئے30 ارب88 کروڑ 85لاکھ روپے کی ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دی۔
ای سی سی نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو رواں مالی سال کیلیے تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے ایک ارب37 کروڑ 80لاکھ روپے کی منظوری بھی دیدی ہے۔ اجلاس میں کندھ کوٹ مائننگ کیلئے پندرہ سال کی ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کی منظوری بھی دیدی ہے اجلاس میں منسوخ شدہ گیارہ پٹرولیم ایکسپلوریشن لائنسنسز پر نظر ثانی کی سمری کا جائزہ لینے کے بعد فریم ورک کی منظوری دیدی ہے۔