دہشت گردوں کا افغان سرزمین سے پاکستانی فوجی چوکی پر حملہ، سپاہی وقار علی شہید


راولپنڈی(صباح نیوز)دہشت گردوں کا افغان سرزمین سے پاکستانی فوجی چوکی پر حملہ،   ایک سپاہی شہید، پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لئے افغان سرزمین کا استعمال قابل مذمت ہے، پاک آرمی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر )کے مطابق دہشت گردوں نے افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان کی ملٹری چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس حوالدار وقار علی شہید ہوگئے، 32 سالہ شہید کا تعلق صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور سے تھا، افغانستان کی سرزمین بار بار پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہوتی ہے جس کی پاکستان مذمت کرتا ہے اور افغان حکام پر زور دیتا ہے کہ بارڈر مینجمنٹ کے لئے موثر اقدامات کرے، پاکستان آرمی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔