موجودہ حکومت بھی ہمارے مسائل کے حل میں بے بس نظر آرہی ہے،سردار اختر مینگل


اسلام آباد (صباح نیوز)حکومتی اتحادی بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل )کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بھی ہمارے مسائل کے حل میں بے بس نظر آرہی ہے،جب ووٹوں کی ضرورت ہو تو بلوچستان یاد آتا ہے، گزشتہ حکومت میں ہم آواز اٹھاتے رہے لیکن شنوائی نہیں ہوئی تاہم پی ٹی آئی حکومت کو ہٹانے کے حق میں نہیں تھے ۔ کل کوئی اور پچھتا رہا تھا آج عمران خان پچھتا رہے ہیں، ایسا نہ ہو کل ہم پچھتائیں۔

ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات سے قبل ان سے مذاکرات کریں جو آپ کا اٹوٹ انگ ہیں۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ ان کی  پارٹی  تحریک انصاف کی حکومت کی تبدیلی کے حق میں نہیں تھی، آج بھی یہی موقف ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کو جن کا احسان مند ہونا چاہیے تھا سب سے پہلے ان کے ہاتھ کاٹے اور نئے سیاسی بٹیروں کو زیادہ اہمیت دی۔  عمران خان کو اپنا تکبر لے ڈوبا ہے، تحریک انصاف کے اپنے ارکان ناراض نہ ہوتے تو تحریک عدم اعتماد کامیاب نہ ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات سے قبل ان سے مذاکرات کریں جو آپ کا اٹوٹ انگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرکے گلے شکوے کیے ہیں، موجودہ حکومت بھی ہمارے مسائل کے حل میں بے بس نظر آرہی ہے۔

سربراہ بی این پی مینگل نے کہا کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے ہم جن کی طرف اشارہ کرتے تھے عمران خان انتہائی احترام سے  ان کا نام لے کر تعریف کیا کرتے تھے، عمران خان کے ساتھ ہمارا مسئلہ لاپتا افراد اور ڈیولپمنٹ کا تھا۔ اختر مینگل نے کہا کہ کسی بھی حکومت کے لیے بلوچستان کی کوئی اہمیت نہیں مگر جب ووٹوں کی ضرورت ہو تو بلوچستان یاد آتا ہے، گزشتہ حکومت میں ہم آواز اٹھاتے رہے لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے یہ درست نہیں، کل کوئی اور پچھتا رہا تھا آج عمران خان پچھتا رہے ہیں، ایسا نہ ہو کل ہم پچھتائیں۔