اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ عمران خان کو نااہلی کے خلاف اپیل کا حق ہے اور اگر فیصلہ ان کے حق میں ہوا تو اگلی عدالت میں ہم جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تمام الیکشن کمیشن کے ممبران کوخراج تحسین پیش کرتاہوں کہ تمام ممبران نے متفقہ طور پر فتنہ خان کو ایکسپوز کیا، پوری قوم کے سامنے عمران خان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، قوم اور مسلم لیگ ن کارکنان فتنے کو ایکسپوز کرنے پر الیکشن کمیشن کو خراج تحسین پیش کرنے نکلیں۔ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس فتنے نے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، یہ فتنہ ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند ہے، یہ بے ایمان شخص تحائف کو اٹھاکر بیچ دیتا ہے، عمران خان کہتا ہے کہ سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کے بجائے خودکشی کو ترجیح دوں گا، کیا ایسے گھٹیا خیالات رکھنے والا انسان پارلیمانی نظام کا حصہ ہوسکتا ہے؟۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا آج خود کٹہرے میں ہے، اداروں کا فرض ہے اس فتنے کا سر کچلنے میں کردار ادا کریں، پنجاب کی پولیس اور چیف سیکریٹری ان سرٹائیفائیڈ چوروں کے تابعدار بننے کے بجائے ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے اداروں سے پتہ کروایا ہے کہ احتجاج میں کہیں بھی 50 ، 40 سے زیادہ لوگ نہیں، اگر پنجاب میں ہماری حکومت ہوتی تو یہ بندے بھی نہ نکلتے، پنجاب اور خیبر پختونخوا پولیس سے کہتا ہوں کہ عوام کی مشکلات دور کریں۔ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ بنی گالہ میں تمام چور اکھٹے ہیں، ابھی صرف عمران خان کا حساب ہوا ہے فرح اور پنکی پیرنی کاباقی ہے، اس چور کے خلاف فوجداری مقدمہ درج ہوگا۔ عمران خان کو نااہلی کے خلاف اپیل کاحق ہے، فیصلہ ان کے حق میں ہوا تو اگلی عدالت میں ہم جائیں گے۔