لندن(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ سرٹیفائیڈ چوراپنے انجام کو پہنچا، جو دوسروں کو چور، چور، چور کہتا تھا ، جھوٹے الزام لگاتا تھا، نہ صرف اس پر چوری ثابت ہو گئی ہے بلکہ جو ثبوت ہیں وہ ناقابل تردید ہیں، وہ ثبوتوں کے ساتھ پاکستان کا پہلا سند یافتہ چور ہے۔
ان خیالات کااظہار مریم نوازشریف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں پانچ سال کے لئے نااہل کرنے کے فیصلہ پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس طرح کی چوری عمران خان کی پکڑی گئی ہے اس کے لئے اس کی نااہلی کافی نہیں ہے ، جیسا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا اس کے خلاف کریمینل پروسیڈنگز شروع ہونی چاہیں، اس کو اپنے کئے کی سزا ملنی چاہیئے،
اس کو قانون کے سامنے پیش کیا جانا چاہیئے، جو چوری ہے اور جو لوتا ہوا مال ہے وہ نکلوانا چاہیئے،وہ اقامہ پر نااہل نہیں ہوا بلکہ اپنی چوری پر نااہل ہوا ہے،جس کے ثبوت ہیں۔جبکہ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھ اکہ پاکستان کا پہلا سرٹیفائڈ جھوٹا اور سند یافتہ چور جو چوری کے نا قابل تردید ثبوتوں کے ساتھ نا اہل ہوا۔ میاں بیوی نے مل کر قومی خزانے کو لوٹا۔ جتنی بڑی چوری ہے اسکی سزا صرف نااہلی پر ختم نہیں ہونی چاہیے۔ اس کو گرفتار کر کے قانون کے سامنے پیش کرنا چاہیے اور لوٹا پیسہ واپس لینا چاہیے۔