اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ متاثرین سیلاب کی مدد میں کوئی سیاست نہیں کی جا رہی ہے، شفاف انداز سے رقوم اور امداد تقسیم کی گئی ،بلا امتیاز مدد کر رہے ہیں، ہمیں سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے، سیلاب کے بعد خدشہ ہے کہ گندم کی پیداوار طلب سے کم ہو سکتی ہے جسے پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، آئندہ فصل کے لیے کسانوں کو اعلی معیار کا بیج دیا جائے گا ، خیبر پختونخوا اور پنجاب نے ہماری درخواست کے باوجود کہا کہ ہمیں بیج نہیں چاہیے۔
این ایف آر سی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے بتایا کہ این ڈی ایم اے نے متاثرین میں رقوم تقسیم کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں 1700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، زخمیوں کی بھی مالی امداد کی جا رہی ہے، متاثرینِ سیلاب میں 66 ارب روپے تقسیم ہو چکے ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی کس دئیے جا رہے ہیں، یہ رقم تمام متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والی امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی گئی، 70 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقسیم ہونے ہیں۔
شہباز شریف نے کہاہے کہ متاثرینِ سیلاب کو ضرورت کی تمام اشیا فراہم کی گئیں، ان میں شفاف انداز سے رقوم اور امداد تقسیم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے بعد خدشہ ہے کہ گندم کی پیداوار طلب سے کم ہو سکتی ہے، گندم کی طلب کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے اچھی کوالٹی کا بیج پروکیور کر رہا ہے، آئندہ فصل کے لیے کسانوں کو اعلی معیار کا بیج دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب نے ہماری درخواست کے باوجود کہا کہ ہمیں بیج نہیں چاہیے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ابھی بھی متاثرہ علاقوں میں سیلاب کا پانی کھڑا ہے، جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔