یوٹیلیٹی اسٹورز پر آئل، گھی، چائے، دودھ مہنگا کرکے مہنگائی کے ستائے عوام پر حکومت نے ایک اور بم گرادیا ،کاشف سعید شیخ


کراچی ( صبا ح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا ئے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو عوام کے ساتھ ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ٹولہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر گیس،بجلی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی آئے دن اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق چھین لینا چاہتی ہے،

اے پی ڈی ایم حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ایک جانب آدھا ملک بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے شدید متاثر ہے لوگوں کو حکومتی امداد ملنے کی بجائے حکمران آپس میں بندربانٹ اور اپنے گدام بھررہے ہیں تو دوسری جانب ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عام آدمی کو زندہ درگور کردیا گیا ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹلٹی اسٹورز پر دودھ،چائے،کوکنگ آئل،گھی،ٹوتھ پیسٹ،صابن،شہد سمیت متعدد اشیاء مہنگی کردی گئیں ہیں،حکمران ہر روز عوام کی پیٹھ پر مہنگائی کے کوڑے برسارہے ہیں جبکہ 75رکنی وزرائ،مشیروں کی کابینہ اللے تللے اور وی آئی پی پروٹوکول پر روزانہ کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں، لانگ مارچ کو روکنے کیلئے عوام کی جیبوں سے جمع کئے گئے ٹیکس میں سے کروڑوں روپے کنٹینرز لگانے پر خرچ کئے جارہے ہیں لیکن بے حس حکمران مہنگائی اور سیلاب سے مارے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مزید مہنگائی کرکے زخموں پر نمک پاشی کرنے میں مصروف ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر آئل، گھی، چائے، دودھ مہنگا کرکے مہنگائی کے ستائے عوام پر حکومت نے ایک اور بم گرادیا ہے جس سے آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کی بے حسی اور سنگدلی ظاہر ہوتی ہے۔جماعت اسلامی نااہل،نالائق اور کرپٹ حکمرانوں کیخلاف جدوجہد جاری رکھے گی،عوام اب ظالم حکمرانوں ،مہنگائی،غربت اور کرپشن سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔#