کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی ضلع شرقی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فواد احمد اور علاقہ گلستان جوہر یوسی 8 و فیصل کینٹ کے ناظم سید طاہر حسنین زیدی نے جوہر چورنگی پر فلائی اوور کی تعمیر میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے گلستان جوہر کے لاکھوں مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گلستان جوہر کے مکینوں کو ٹھیکیدار کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ اور متعلقہ محکموں کے حکام سورہے ہیں ۔ گلستان جوہر جانے والے دونوں راستوں کی بندش سے پہلے متبادل راستوں کو قابل استعمال بنانا چاہیے تھا لیکن جوہر چورنگی سے جانے والے متبادل راستے پر نوید بنگلوز اور ہارون سٹی کے سامنے سڑک کھود دی گئی جگہ جگہ گڑھے پڑے ہیں اور ایک ٹریک پر دو طرفہ ٹریفک چل رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جوہر چورنگی کے قریب ایک بڑا نجی ہسپتال بھی موجود ہے۔ گردوغبار کی وجہ سے مریضوں اور لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔جبکہ ایمبولینسوں کو بھی راستہ نہیں ملتا۔ ٹریفک پولیس اہلکار بھی ناکام دکھائی دیتے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جوہر چورنگی پر فلائی اوور کی تعمیر جلد مکمل کی جائے اور متبادل راستوں کو سفر کے قابل بنایا جائے ۔