کراچی(صباح نیوز)نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پاکستان پہنچ گئیں، وہ اپنے والدین کے ہمراہ غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی پہنچی ہیں۔ملالہ یوسفزئی کو سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے ان کے گھر پہنچایا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ملالہ یوسف زئی کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں اور پولیس کا خصوصی یونٹ انہیں سکیورٹی فراہم کر رہا ہے ،25 سالہ ملالہ یوسف زئی پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا کل دورہ کریں گی۔ملالہ یوسف زئی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت دادو میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگی اور متاثرین سے ملاقات کریں گی۔
ملالہ یوسف زئی ممکنہ طور پر ملالہ فنڈ سے بھی متاثرینِ سیلاب کی مدد کریں گی۔یاد رہے کہ سوات میں 2012 میں طالبان کی جانب سے حملے میں زخمی ہونے کے بعد ملالہ یوسف زئی بیرونِ ملک چلی گئی تھیں اور اب دوسری بار پاکستان آئی ہیں۔ملالہ پہلی بار مسلم لیگ ن کے دور میں اپنے گھر سوات گئی تھیں۔