عمران خان کی جنرل قمر جاوید باجوہ کو عہدے پر توسیع دینے کی تجویز


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 85 سیٹوں والا مفرور کیسے آرمی چیف سلیکٹ کر سکتا ہے؟ اگر مخالفین الیکشن جیت جاتے ہیں تو پھر سپہ سالار کا انتخاب کر لیں، مجھے کوئی مسئلہ نہیں، نئی حکومت کے منتخب ہونے تک جنرل قمر باجوہ کوعہدے پر توسیع دی جائے۔

   سابق وزیراعظم نے  نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب کے دوران بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے، بارشوں کی وجہ سے کوہ سلیمان کی طرف سے سیلاب آیا، سندھ کے اندر کھڑے پانی کی وجہ سے چاول کی فصل تباہ ہوگئی، آگے جا کر فوڈ سکیورٹی کا بھی مسئلہ آسکتا ہے، پوری قوم کو مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہو گی، پاکستان کواس وقت اندرونی وبیرونی امداد کی ضرورت ہے، 50 سال میں ملک میں کوئی ڈیم شروع نہیں کیا گیا، فخر ہے میری حکومت میں پہلی دفعہ 10 ڈیمزشروع کیے گئے، کوہ سلیمان کے پانی نے زیادہ تباہی مچائی، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں تباہی ہورہی ہے، ہماری حکومت نے اسی لیے بلین ٹری سونامی شروع کیا تھا، ملک میں پرانے جنگلوں کو ختم کر دیا گیا، بے دردی کے ساتھ ملک میں جنگلات کوختم کیا گیا، 10 بلین ٹری بہت ضروری ہے، پانی کی ڈرینج بنانا ہو گی اگر پانی کو راستہ نہیں دیں گے توتباہی مچائے گا، کراچی میں نالوں کے اوپرگھربن گئے، سندھ میں بڑے، بڑے طاقتور اپنی زمینیں بچانے کے لیے دوسری طرف پانی چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنا بڑا سیلاب امتحان اتنا ہی معیشت کے حوالے سے بھی امتحان آرہا ہے، پاکستان کا بانڈ آج 50فیصد تک پہنچ گیا، پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، بجلی، پٹرول، ڈیزل کی قیمت اوپر جا رہی ہے، مجھے خوف ہے جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا تب تک معاشی استحکام نہیں آسکتا، اگرمعاشی استحکام نہ آیا تو مجھے خوف آرہا ہے، خدشہ ہے قرض دینے والے ممالک ہماری نیشنل سیکیورٹی کو کمزور کر دیں گے، ملک میں سیاسی استحکام صرف الیکشن سے آ سکتا ہے، اگر پاکستان ڈیفالٹ ہو گیا تو زیادہ مسائل پیدا ہوں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں ڈالر178اورچھ فیصد گروتھ تھی، ہمارے دورمیں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا ہورہا تھا، بیرون ملک سے پاکستانیوں نے31ارب ڈالر بھیجے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، تب سازش کرکے حکومت گرائی گئی، جن کے پاس سب سے زیادہ طاقت ان کو خبردار کیا تھا، ہم نے کہا اگر اس وقت عدم استحکام آیا تو کسی سے بھی معیشت نہیں سنبھالی جائے گی،  ان کے پاس معیشت سنبھالنے کا کوئی پلان نہیں تھا، یہ لوگ صرف اپنے کیسز کو ختم کروانا چاہتے تھے، آئی ایم ایف نے ان پر زور لگایا تو انہوں نے قیمتیں بڑھا دیں، ہماری حکومت بھی آئی ایم ایف پروگرام میں تھی لیکن عوام کوسبسڈی دی، موجودہ حکومت سے معاشی حالات نہیں سنبھالے جارہے، عالمی اداروں نے پاکستان کی ریٹنگ کونیچے کردیا ہے، پاکستان سنگین دیوالیہ ہونے کی طرف گامزن ہے، الیکشن سے سیاسی استحکام آئے گا تو پھر معاشی استحکام بھی آئے گا۔

دوسری جانب  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں عمران خان نے شہباز شریف سے متعدد سوال پوچھے۔ جن میں انہوں نے لکھا کہ شہباز شریف سے میرا سوال: کیا تحریک انصاف کے خوف کی وجہ سے میڈیا پر  ہماری زباں بندی، اہلِ صحافت پر تشدد اور ان کے خلاف جھوٹے مقدموں کے اندراج، ٹی وی اور یوٹیوب پر مجھے اور تحریک انصاف کو بلیک آئوٹ کرنے اور میری فلڈ ریلیف ٹیلی تھون کی نشریات روکنے جیسی مذموم کوشش کے آپ ذمہ دار ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آپ کے مجرم حواری اورانکے سرپرست تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔ اگر آپ ہمارے آئینی حقوق غصب کرنے اور اظہاروصحافت کی آزادی کے حوالے سے عالمی وعدوں سے انحراف کے ذمہ دار نہیں تو قوم کو یہ بتانا آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس سب کا ذمہ دار کون ہے؟ پی ٹی آئی چیئر مین نے مزید لکھا کہ مجرموں پر مشتمل امپورٹڈ حکومت ان کے سرپرستوں نے گزشتہ شب سیلاب متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کے حوالے سے منعقدہ میری ٹیلی تھون کی نشریات رکوا کر نئی سطح تک گراوٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔

پہلے انہوں نے چینلز پر ٹیلی تھون نہ دکھانے کے حوالے سے دبائو ڈالا۔ اس کے باوجود جب چند چینلز نے نشریات جاری رکھیں تو انہوں نے کیبل آپریٹرز کو دھمکایا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ قوم میں ہماری بڑھتی ہوئی مقبولیت سے یہ کس قدرخوفزدہ ہیں۔ انہیں یہ بھی عِلم ہے لوٹ مار کی طویل تاریخ کے باعث پیسوں کے معاملے میں کوئی ان پر اعتماد کو تیار نہیں۔

چنانچہ مجھے اور میری جماعت کو نشانہ بنانے کیلئے انہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنیکی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ بے حسی ناقابلِ تصور ہے، اس سب کے باوجود ہم محض 2 گھنٹوں میں 5.2 ارب روپے جمع کرنے میں کامیاب رہے۔ میں دیارِغیرخصوصا امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سمیت عطیہ کرنے والے ہر ایک فرد کا مشکور ہوں۔