اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے اور اقوام متحدہ کے زریعہ دی جانے والی امداد کی ایک ، ایک پائی شفاف انداز میں اور دکھی انسانیت کے مفا د میں خر چ کی جائے گی۔ آج پاکستان کو قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا ہے ہوسکتا ہے کل کو کسی اور ملک اور خطے کو اس طرح کی آفت کا سامنا کرنا پڑے۔
ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے ہمراہ نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیش سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس اور ان کے وفد کے ارکان کو خوش آمدید کہتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ آج پاکستان تشریف لائے ہیں، پاکستان کے عوام کے ساتھ ہمدردی دکھانے کے لئے اور اپاکستان کے عوام کو یہ پیغام دینے کے لئے جب پاکستان تاریخ کے سب سے بڑ ے سیلاب اورتباہی سے دوچار ہے ، آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرنے کے لئے کھڑے ہیں، پاکستان کے عوام اور خصوصی طور وہ کروڑوں لوگ جو اس وقت صوبہ سندھ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور دوسرے علاقوں میں پانی میں گھرے ہوئے ہیں ان کو بتانے آئے ہیں کہ ہمیں نہ صرف نہ پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونا ہے بلکہ ان کی دسترس میں جو بھی ذرائع ہیں ان کو عمل میں لائیں گے اورپاکستان کی اس مصیبت کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دلانے کے لئے اور ہمارے پُل، ہزاروں کلو میٹر سڑکیں، کمیونیکیشن سسٹم اور ٹرانسپورٹ سسٹم جو تباہ ہو گیا اس کی بحالی اورمرمت کے لئے جو بھی بن پڑا وہ کریں گے لیکن آج انہوں نے جو بطور سیکرٹری جنرل گفتگو کی ہے میں اس سے بہت متاثر ہوا ہوں ، اگر پاکستانیوں سے بڑھ کر نہیں توپاکستانیوں کی طرح انہوں نے گفتگو کی ہے،ا ن کے احساس کو جانا ہے ، ان کے دکھے میں شریک ہوئے ہیںا ور دل کی اتھاہ گہرائیوں سے بات کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کو یقین دہانی کروائی کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اور اقوام متحدہ کے زریعہ دی جانے والی امداد کی ایک ، ایک پائی شفاف انداز میں اور دکھی انسانیت کے مفا د میں خر چ کی جائے گی۔ میں یہ یقین دہانی تقریب میں موجود وزرائ، جنرل آفیسرز اورحکومتی عہدیداروں کے سامنے کروا ہوں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز جن میں افواج پاکستان بھی شامل ہیں کے ساتھ مل کر بطور ٹیم سیلاب سے متاثر ہونے والے 33ملین لوگوں کو امداد فراہم کررہے ہیں۔ یہ انسانی استعدادکار سے بڑا چیلنج ہے۔ میں اقوام متحدہ، مختلف ممالک اور تنظیموں کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد پر سب کا شکر گزار ہوں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو دورہ پاکستان کے زریعہ سیلاب متاثرین کی اصل صورتحال جاننے کا موقع ملے گا۔ہم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے دورہ پاکستان پر ان کے شکر گزارہیں۔