عالمی برادری پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے مدد کرے،سیکرٹری جنرل یواین


اسلام آباد (صباح نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ عالمی برادر ی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بڑے پیمانے پر مدد کرے۔سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالہ سے پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومت مجھے جوبھی ذمہ داری دیں گے میں اسے پورا کروں گا۔ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے میں پوری عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے سامنے آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کروں گاتاکہ وہ پاکستان،پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومت کی مدد کریں۔ اقوام متحدہ پاکستان کو اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کا باعث بننے والے مادوں کے اخراج کو بڑے پیمانے پر کم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ عالمی برادری کو یہ بھی چاہئے کہ پاکستان جیسے ممالک کی ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نکلنے میں مدد کرے۔ میری آواز پاکستانی عوام ، حکومت کے ساتھ ہے اور اقوام متحدہ کا تمام نظام اس وقت پاکستان کی مدد کررہا ہے۔ ہمارا حصہ محدود ہے لیکن ہم پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پر عزم ہیں۔ پاکستان میرے دل میں بستا ہے کیونکہ میں نے اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین کے طور پر پاکستان کے ساتھ مل کر بہت کام کیا ہے۔ افغان مہاجرین کی حفاظت، مہمان نوازی  اورا مداد کے حوالہ سے پاکستانیوںنے دل کھول کر مدد کری ہے۔ میرے پاکستا ن اور پاکستانیوں کی تعریف کے حوالہ سے جذبات لامحدود ہیں۔ میں پاکستانی عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں یکجہتی کااظہار کرتا ہوں ۔

ان خیالات کااظہار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے ہمراہ نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینیٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انتونیو گوتیرس کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کاموں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ میں تمام مرد اورخواتین حضرات کا شکر گزار ہوں جو اس تباہ کن قدرتی آفت کے متاثرین کی مدد کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین، رضاکار، حکومتی افسران، مقامی حکومتوں کے ملازمین، پاکستان آرمی، این جی اوز مل کر متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے شاندار کام سرانجام دے رہے ہیں۔

انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ انسانیت کے نیچر کے خلاف جنگ کا اعلان کیا ہوا ہے اور نیچر واپس حملہ آور ہے، نیچر اندھی ہے کیونکہ وہ ان کے خلاف حملہ آور نہیں جو نیچر کے خلاف زیادہ اقدامات کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالہ سے پاکستان کا حصہ بہت تھوڑا ہے تاہم پاکستان قدرتی آفات سے متاثر ہونے بڑے ممالک میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیچر غلط اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے بلکہ ا سے جوماحولیاتی تبدیلی کے زیادہ ذمہ دار ممالک ہیں انہیں نشانہ بنانا چاہیے۔ماحولیاتی تبدیلی کے ذمہ داروں کو اس قسم کے مسائل کا سامنا کرنا چاہیے تاہم ایسا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث آتا ہے۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جن کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ موسمیاتی بتدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبا ل چوہدری، وزیر خزانہ داکٹر مفتاح اسماعیل احمد، وفاقی وزیر برائے اقصادی امور سردار ایاز سادق، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، وزیر مملکت برائے خزانہ داکٹر عائشہ غوث پاشا ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اخترنواز ستی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔