حکومت مناسب قیمتوں پر یوریا کھاد کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، خسرو بختیار


اسلا م آباد(صباح نیوز)صنعتوں اور پیداوار کے وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت گندم کی بوائی کے لئے کسانوں کو مناسب قیمتوں پر یوریا کھاد کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

 اسلام آباد میں کھاد کی صنعت سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ ملک بھر میں کارخانوں سے یوریا کی فراہمی سے لے کر دکانوں تک کھادوں کی نقل و حمل کی نگرانی کی جائے گی۔

خسرو بختیار نے کھاد کے کارخانوں کی طرف سے ذخیرہ اندوزوں کو بلیک لسٹ کرنے پر ان کی تعریف کی تاکہ ملک میں یوریا کی فراہمی خوش اسلوبی سے جاری رہے۔

پنجاب کے چیف سیکرٹری نے گزشتہ دو ہفتے میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف پنجاب حکومت کی کارروائی سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔