جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ،معاملے کے حل کیلئے تجاویز پیش کی گئیں


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سینیٹر کامران مرتضی، وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے شرکت کی۔  اجلاس میں سینیئر صحافی حامد میر بھی خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم پنجاب، سیکریٹری لا پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب اور سپیشل سیکریٹری ہوم سندھ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے شرکا نے معاملے کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔کمیٹی ممبران نے ایک بار پھر معاملے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے لاپتہ افراد کے معاملے کے جلد حل کے لیے وفاقی کابینہ کو اپنی تجاویز جلد پیش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے دوران کوئٹہ میں جاری دھرنے میں شریک لاپتہ شخص کی بیٹی سیمی بلوچ سے بھی رابطہ کیا گیا۔ سیمی بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کمیٹی سے بہت امید ہے ،سیمی بلوچ نے دھرنے میں شریک خواتین کی صحت کے مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا،وفاقی وزیر قانون نے اجلاس کے دوران سیکریٹری ہیلتھ بلوچستان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دھرنے کے شرکا کو موثر طبی امداد کی فراہمی کے لیے کہا۔ وفاقی وزیر قانون نے جلد کوئٹہ آنے اور دھرنے کے شرکا سے ذاتی طور پر ملاقات کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،  اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے ہمیں وہاں جانا چاہیے اور لوگوں سے ملنا چاہیے،

شازیہ مری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  ہم ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے، لاپتہ افراد کے معاملے کے حل کے لیے۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے اگلے تین سے چار دن میں کوئٹہ جانے اور لاپتہ افراد سے متعلق جاری دھرنے کے شرکا سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں سینیٹر طاہر بزنجو، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون، ممبر پاکستان بار کونسل عابد ثاقی اپنی تجاویز پیش کر چکے ہیں۔

کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں میں سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر اور چیئرپرسن رائٹس گروپ ڈیفینس آف ہیومن رائٹس پاکستان آمنہ مسعود جنجوعہ بھی خصوصی دعوت پر کمیٹی میں اپنی تجاویز پیش کر چکے ہیں۔گزشتہ اجلاسوں میں وفاقی وزرا میاں ریاض حسین پیرزادہ ، فیصل سبزواری بھی کمیٹی کے سامنے اپنی تجاویز پیش کر چکے ہیں۔