بٹگرام(صباح نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے کہا کہ ہمیں سلیکٹڈ کہنے والے خود نکمے اور کرپٹ ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا زرداری صاحب اس ملک کو چلائیں گے ؟ کیا وہ اس ملک کو چلائے گا جو بیرون ملک بیٹھا ہوا ہے، یہ بیرون ملک بیٹھ کر ویڈیو کال پر تقریریں کرتے ہیں، یہ سب چور ہیں، انہوں نے بے دردی سے ملک کو لوٹا، اپوزیشن اپنی کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کیلئے پروپیگنڈا کر رہی ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے جو سبسڈی دی وہ ہم ادا کر رہے ہیں، ہماری آنیوالی نسلیں قرض ادا کریں گی، سابق حکمرانوں نے عوام کے پیسوں سے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، نالائق اور کرپٹ ٹولے نے ملک کو تباہی سے دوچار کیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں الیکشن کیلئے کچھ کریں، وزیراعظم عمران خان کی سوچ الیکشن کیلئے نہیں بلکہ آنیوالی نسلوں کیلئے ہے ماضی کی حکومتوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا سیلاب ہے۔