جسٹس سید منصور علی شاہ اعلیٰ عدلیہ میں ججزکی تعیناتی کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن کے رکن منتخب


اسلام آباد (صباح نیوز)جسٹس سید منصور علی شاہ ،اعلیٰ عدلیہ میں ججزکی تعیناتی کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن بن گئے۔ جسٹس منصور علی شاہ کو جسٹس سید سجاد علی شاہ کی جگہ کمیشن کا رکن بنایا گیا۔جسٹس سید سجاد علی شاہ 13 اگست کو سپریم کورٹ کے جج کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کے لئے قائم کمیشن 9ارکان پر مشتمل ہے۔ کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیا ل ہیں۔ سپریم کورٹ کے ججز کی تعیناتی کے لئے کمیشن کے ارکان مختلف ہیں جبکہ ہائی کورٹس کے ججز کی تعیناتی کے لئے متعلقہ صوبے سے نمائندے بھی کمیشن کے ارکان میں شامل ہیں۔

سپریم کورٹ کے ججز کی تعیناتی کے لئے کمیشن کے دیگر ارکان میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے چار سینئر ججزجسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سید منصور علی شاہ شامل ہیں جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے دیگر چار سینئر ججز سے مشاورت کے ساتھ دو سال کے لئے نامزد کردہ نمائندے جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی، اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف علی، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ اور پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین ایڈووکیٹ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس وقت سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز کی کل منظور شدہ آسامیاں 17ہیں تاہم اس وقت پانچ آسامیاں خالی ہیں اور گزشتہ ماہ ہونے والے اجلاس میں اکثریتی ارکان کی مخالفت کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی جانب س پیش کردہ پانچ ناموں میں سے کیس کی بھی منظوری نہیں دی جاسکی تھی۔