جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس،متاثرہ خاندانوںکو مدعو کرنے پر اتفاق


اسلام آباد(صباح نیوز)جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس،متاثرہ خاندانوں کو مدعو کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزارت قانون کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مواصلات اسد محمود، وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے شرکت کی، سینیٹر طاہر بزنجو، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون، ممبر پاکستان بار کونسل عابد ثاقی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ خیبرپختونخوا  کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے اور وزارت قانون اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی،

کمیٹی ممبران نے ایک بار پھر معاملے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے لاپتہ افراد کے معاملے کو جلد حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کے شرکا نے معاملے کے حل کے لیے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں،کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر اور چیئرپرسن رائٹس گروپ ڈیفینس آف ہیومن رائٹس پاکستان آمنہ مسعود جنجوعہ خصوصی دعوت پر کمیٹی میں اپنی تجاویز پیش کر چکے ہیں،

گزشتہ اجلاسوں میں وفاقی وزرا میاں ریاض حسین پیرزادہ ، فیصل سبزواری اور شازیہ مری بھی اپنی تجاویز پیش کر چکے ہیں۔کمیٹی ممبران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کمیٹی کا اجلاس صوبائی سطح پر بھی منعقد کیا جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو سنا جائے ،متاثرہ خاندانوں کو بھی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں دعوت دینے اور ان کی تجاویز لینے پر اتفاق کیا گیا۔