صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر فیصل آباد کا دورہ


فیصل آباد(صباح نیوز)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کیلئے 7نومبر2021سے 6دسمبر 2021 تک جاری گھر گھر تصدیقی مہم کا جائزہ لینے کیلئے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر، فیصل آباد کا دورہ کیا اور فیصل آباد ریجن کے ضلعی الیکشن کمشنر  عرفان کوثر، باصل اکرم، مصدق انور، گلزار اختراور محمد افصل اور سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد چوہدری علی احمد سیال نے شرکت کی۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کو چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان، سکندر سلطان کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے ہر مرحلے پر تمام عملہ تندہی سے کام کرے، گھر گھر تصدیقی مہم کے دوران عوام کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اور انکے ووٹ کے اندراج اور درستگی کو یقینی بنایا جائے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی الیکشن کمشنرز ہفتہ وار بنیادوں پر تمام تصدیقی عملے کے ساتھ باقاعدہ میٹنگز کرتے رہیں۔ اس دوران تمام افسران خود اپنے علاقوں کا دورہ کریں اور تصدیقی مہم کی مانیٹرنگ کریں۔ تصدیقی مہم کے دوران تصدیقی عملے اور عوام کو پیش آنیوالے مسائل کا احاطہ کر کے انہیں وقت پر حل کیا جائے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کو خاص طور پر ہدایات دیں کہ شناختی کارڈ کے حامل تمام افراد کا ووٹ درج کیا جائے، علاوہ ازیں، جہاں پر لوگوں کے شناختی کارڈ کے حوالے سے مسائل سامنے آئیں، ان کے لئے نادرا حکام کے ساتھ ملاقات کر کے ایسے علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وین بھیج کر ان کے مسائل کو حل کیا جائے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ہدایت دی کہ اس دوران ضلعی الیکشن کمشنرز عوام الناس کیلئے ووٹر آگاہی سرگرمیوں کا خاس اہتمام کریں اور انہیں یہ پیغام پہنچائیں کہ اپنے ووٹ کا اندراج کروائیں اور کوائف میں کسی قسم کی غلطی کی صورت میں گھر گھر تصدیقی مہم کا فائدہ اٹھائیں اور درست اندراج کو یقینی بنانے میں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں۔

اس مقصد کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس قومی فریضے کی ادائیگی میں الیکشن کمیشن کا ساتھ دیں اور عوام کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کیلئے جاری گھر گھر تصدیقی مہم کے حوالے سے آگاہ کریں۔