عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا، پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اراکین قومی اسمبلی صداقت علی عباسی، سید مبین احمد اور سمیع گیلانی نے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کیلئے فوری ہدایات دیں۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں، سمت درست اور نیت نیک ہے، اپوزیشن کی جانب سے اداروں کو مخصوص ایجنڈے کے تحت نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، قومی ادارے ہمارا فخر ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی، عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں، پنجاب ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آگے ہے۔