سازش کے تحت اداروں کی تضحیک کی جارہی ہے ،حسان خاور


لاہور(صباح نیوز) پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت اداروں کی تضحیک ہو رہی ہے۔۔ انہوں نے  میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ کبھی آپ امریکا سے بندہ روانہ کرتے ہیں، جولندن رک کر بیان حلفی جمع کراتا ہے، آڈیو، ویڈیوز مصدقہ ہیں تو عدالت میں پیش کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ فصیح بخاری کو نیب چیئرمین لگانے پر آپ کو اعتراض تھا، آپ قانون اور اداروں کا مذاق اڑاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کی کانفرنس میں عاصمہ جہانگیر کا نام کم لیا گیا، اپنے اپنے ایجنڈے کی بات زیادہ کی گئی، تاریخ بہت بے رحم چیز ہے، تاریخ گواہ ہے عاصمہ جہانگیر 1980 ء کی دہائی میں مارشل لاکے خلاف آواز اٹھا رہی تھیں، کانفرنس میں کہا گیا نیب گورننس کی ناکامی کا باعث ہے، میرا سوال یہ ہے کہ کون اس ملک میں احتساب کرنے کے قابل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شور، افسانے، من گھڑت قصے اس لیے ہیں کہ ہم راستے سے ہٹ جائیں، وہ لوگ جو من گھڑت چیزیں بناتے ہیں ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے، دن رات آپ کی کوشش اس بات پر ہے کہ سازشوں کو پروان چڑھائیں، کیا آپ چاہتے ہیں کہ اس ملک میں اداروں کی عزت مٹی میں مل جائے، کیا آپ کے ذاتی مفادات اتنے اہم ہیں کہ پورے ملک کا نظام ملیامیٹ کرنا چاہتے ہیں، آپ کو اپنے طور طریقے بدلنے پڑیں گے، قانون کے سامنے اپنے آپ کو پیش ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس کام کی چیز ہے تو سو دفعہ عدالت میں پیش کریں، یہ شور، افسانے، من گھڑت قصے اس لیے ہیں کہ ہم راستے سے ہٹ جائیں، ہمارے عدالتی نظام میں کیسوں کا فیصلہ آنے میں وقت لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان پرالزامات لگائے گئے ان کا نام بدنام کیا گیانہ  آپ کو کوئی چیئرمین بھاتا ہے نہ کوئی قانون بھاتا ہے، آج جب قانون کا پہیہ گردش میں ہے تو آپ کہتے ہیں اس نے گورننس کو فیل کر دیا، آپ کہتے ہیں کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا دفتر اور فیکٹری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کے ٹیکس پیئرز کے پیسوں سے تو فیکٹریاں آپ نے لگائیں، قوم کو جواب دیں آپ کس قسم کے احتساب سے خوش ہیں، جب آپ کوعدالت طلب کرے تو آپ کیسوں کو طوالت دیتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ جب ان کے خلاف فیصلہ آئے گا تو ان کی چیخیں بھی سننے کو ملیں گی، ہمارے ملک میں فریڈم آف ایکسپریشن ہے، فوادچوہدری نے بہت اچھا کیا کہ اس تقریب میں بات کرنے سے انکار کر دیا۔انہوںنے کہا کہ این اے 133 میں اپوزیشن ٹیکنیکل گرائونڈز کے پیچھے چھپ گئی، عدالت کافیصلہ آچکا ہے جو ہمارے لیے قابل احترام ہے، یہ میدان آخری میدان نہیں، آگے بلدیاتی انتخابات ہوں گے، دیکھ لیتے ہیں کس میں کتنا دم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں پنجاب حکومت بھرپور شرکت کررہی ہے، ہم نے20 ایم اویوز پر دستخط کیے ہیں، پنجاب میں سرمایہ کاری آئے گی، ہم ایک انویسٹرپورٹل بنا رہے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ این او سی کے پراسیس کو بہت آسان بنایا ہے، عثمان بزداراپنی ٹرم میں نجی سرمایہ کاری کا بہت بڑا تحفہ عوام کو دے کر جائیں گے۔