کراچی میں فائرنگ، سی ٹی ڈی کا ڈی ایس پی جاں بحق، محافظ زخمی 


کراچی(صباح نیوز)کراچی میں فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے افسر علی رضا جاں بحق ہوگئے، علی رضا ڈی ایس پی سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن تعینات تھے، وزیرداخلہ ضیا الحسن لنجار نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

ملزمان نے کریم آباد کے علاقے میں علی رضا کو نشانہ بنایا، گولی لگنے سے علی رضا شدید زخمی ہوئے، انھیں زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے جب کہ فائرنگ میں علی رضا کا گن مین بھی زخمی ہوا۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے  ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی سینٹرل سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیرداخلہ نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔عینی شاہد کے مطابق سی ٹی ڈی افسر پر فائرنگ موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے کی۔ ان افراد نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے، علی رضا گاڑی سے اتر کر گیٹ کی طرف آئے تو ملزمان نے فائرنگ کردی تھی، تین گولیاں علی رضا کو اور تین گارڈ کو لگیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی کے  جاں بحق ڈی ایس پی علی رضا کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ڈی ایس پی علی رضا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی علی رضا نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔