ملتان(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، آئینی مدت پوری کرے گی،2023 کے انتخابات میں بھی عوام پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیں گے اور اگلے 5 سال بھی تحریک انصاف کے ہی ہیں، ملکی بقاء اورترقی کیلئے لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی ۔
ملتان میں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ملکی بقاء اور ترقی کے لئے لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی ۔ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جہاد کررہے ہیں یہ جہاد منطقی انجام تک چلے گا۔
انہوں نے کہاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے ۔ سابقہ ادوار میں عوام کو دی گئی محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف قوم کو مضبوط نظام اور اچھا مستقبل دینا چاہتی ہے۔ ترقی وہ ملک کرتے ہیں جو آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں۔ اقتدار سے باہر بیٹھے کچھ سیاستدانوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔
مخالفین جتنا مرضی شور مچالیں ملکی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ قوم کو اچھے مستقبل کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دینا ہوگا۔ حکومت طویل المدتی ترقی چاہتی ہے ۔ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔ 2023 کے انتخابات میں بھی عوام پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیں گے۔