شکر گڑھ(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ( ن ) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ای وی ایم ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کا نیا طریقہ ہے، دنیا بھر میں انٹرنیٹ ووٹنگ کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا گیا جبکہ پی ڈی ایم غیر آئینی اقدامات کے خلاف چٹا ن کی طرح کھڑی ہے۔
شکرگڑھ میں دانیال عزیز کے ڈیرہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ق لیگ اور ایم کیو ایم حکومت کو آکسیجن فراہم کر رہی ہیں،ان کی قیادت نے اپنی سیاست پر نظرثانی نہ کی تو دونوں جماعتوں کی سیاسی قبر بھی پی ٹی آئی کے ساتھ کھودی جائے گی ۔
احسن اقبال نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت اوورسیز کے کردار کی نفی نہیں کرتی،میرا بیٹا باہر پڑھ کر ملک کی خدمت کے لئے عوامی نمائندگی کے لئے آگے بڑھا،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کے حق میں ہیں،پارلیمنٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی نشستیں مختص کی جائیں جبکہ انٹر نیٹ ووٹنگ دنیا بھر میں ابھی تک تسلیم نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ای وی ایم ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے کا طریقہ ہے،پی ڈی ایم غیر آئینی اقدامات کے خلاف چٹان کی طرح کھڑی ہے، پی ٹی آئی تمام سیاسی جماعتوں سے اتحاد کرکے بھی ن لیگ کے سیلاب کو روک نہیں سکتی، دنیا میں 3فیصد مہنگائی اور پاکستان میں 12فیصد ہوچکی ہے جبکہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی آنے والی نسلوں کو کئی ہزار ارب کے قرضوں میں دھنسا دیا ہے، پارلیمنٹ سمیت ملک کے ادارے تباہ ہو چکے ہیں،عمران خان نے ہٹلر دور کے پارلیمنٹ کی یاد تازہ کر دی ہے، ایم کیو ایم اور ق لیگ حکومت سے چمٹی رہی تو یہ عوام کا غیض و غضب کا نشانہ بنیں گے ،موجودہ حکومت کو ق لیگ اور ایم کیو ایم آکسیجن فراہم کر رہی ہیں جبکہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے کہوں گا کہ وہ اپنے رویوں اور سیاست پر غور کریں۔