گلگت،جگلوٹ سکردو روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند


گلگت(صباح نیوز)گلگت میں جگلوٹ سکردو روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سکردو کریم داد چغتائی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ تورمک پر شاہراہ کی بحالی کے دوران مزید سلائیڈنگ ہوئی ہے۔

کریم داد چغتائی نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کا ایکسیوٹر پر بھاری ملبے کی زد میں آکر بری طرح متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ سکردو کے بحالی میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں، سیاح اور مسافر دو روز تک شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ڈپٹی کمشنر کریم داد چغتائی نے مزید کہا کہ متبادل شاہراہ دیوسائی روڈ آمد و رفت کیلئے کھلا ہے۔

واضح رہے کہ اسکردو روڈ پر سفر سے قبل ڈپٹی کمشنر آفس کے کنٹرول روم سے آگاہی حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ادھر غذر اور ہنزہ میں گرمی کے باعث گلیشیئر پگھلنے سے دریائے غذر سمیت تمام ہنزہ کے ندی نالوں میں پانی کی سطح مزید بلند ہو رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر غذر نے بتایا کہ گلگت چترال روڈ ٹریفک کے لئے بحال ہے۔ دوسری جانب وادی ہنزہ میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے، گلیشئرز پگھلنے کا عمل جاری ہے جس کے سبب تمام ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہے۔ جی ایم این ایچ اے کے مطابق حسن آباد نالے میں پانی کی سطح بدستور بلند ہے، عارضی لوہے کے پل کو پانی سے نکال دیا گیا ہے۔

ڈی سی ہنزہ کا کہنا ہے کہ حسن آباد میں عارضی لوہے کا پل بدستور ٹریفک کے لیے بند ہے۔ جی ایم این ایچ اے کا کہنا ہے کہ ایف ڈبلیو او بھاری مشینری کے ساتھ کام میں مصروف ہے، عارضی لوہے کے پل کو اونچا کرکے نصب کیا جارہا ہے۔ جی ایم این ایچ اے کے مطابق بہہ جانے والی سڑک کی بحالی کا کام بھی جاری ہے، ٹریفک کو شاہراہ نگر سے گزارا جارہا ہے۔