اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے سی این جی انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا، مفتاح اسماعیل نے وفد کومکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سی این جی انڈسٹری کو اب تک اپنی ضرورت پوری کرنے کیلئے گیس منگوانے کی راہ میں رکاوٹیں کیوں ڈالی گئیں، اس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے سی این جی انڈسٹری کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں مفتاح اسماعیل نے سی این جی انڈسٹری کو اپنی مکمل حمایت اور انڈسٹری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرادی ، سی این جی انڈسٹری کے وفد نے انڈسٹری کو درپیش مسائل پر وفاقی وزیرخزانہ کو بریفنگ دی ،وفاقی وزیر خزانہ نے سی این جی انڈسٹری کو اپنی ضرورت کے لئے سی این جی منگوانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے امپورٹ بل میں زبردست کمی لائی جاسکتی ہے، سی این جی انڈسٹری کو اب تک اپنی ضرورت پوری کرنے کیلئے گیس منگوانے کی راہ میں رکاوٹیں کیوں ڈالی گئیں، اس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا،
سی این جی انڈسٹری کے وفد نے وفاقی وزیرخزانہ کو سی این جی انڈسٹری کے مسائل کے حل کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کیں، سی این جی انڈسٹری نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت کو اپنے ہر ممکن تعاون اور حمایت کا یقین دلایا، وفاقی وزیرخزانہ کو سی این جی انڈسٹری نے بتایا کہ سی این جی ماحول دوست سستا فیول ہے، آج بھی پٹرول کی قیمت کی نسبت 43فیصد اور ڈیزل کی قیمت کے مقابلے میں 55فیصد سستا ہے، سی این جی کے گاڑیوں میں استعمال سے سالانہ 2.1ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ممکن ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گردشی قرضہ1500ارب روپے تک ختم کیا جا سکتا ہے، روزگار کے ہزاروں نئے مواقع ہیدا کئے جاسکتے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں چالیس سے پچاس فیصد تک کمی لائی جاسکتی۔وفد نے کہا کہ سی این جی اسٹیشن پنجاب میں گذشتہ تقریبا آٹھ ماہ سے بند پڑے ہوئے، سی این جی سٹیشن فوری طورپر کھولنے کی درخواست کردی، جس پر وزیرخزانہ نے صوبہ پنجاب کے بند سی این جی سٹیشن جلد کھولنے کی یقین دہانی کرا دی۔