وزیر خزانہ سے اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل کی ملاقات،مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) کے ڈائریکٹر جنرل یوجین زوکوف کی ملاقات ، پاکستان میں اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھنے میں اے ڈی بی کے تعاون کو سراہا،کہتے ہیں شدید چیلنجوں سے قطع نظر، حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے اصلاحات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر کے روز وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے  ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل یوجین زوکوف نے ملاقات کی، اس موقع پر  کنٹری ڈائریکٹر اے ڈ ی بی یونگ یی، سیکرٹری خزانہ اور اقتصادی امور کے سینئر افسران بھی موجود تھے، ملاقات میں توانائی کے پروگرام، خواتین کی شمولیت کے حامل مالیاتی شعبے کی ترقی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان میں اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھنے میں اے ڈی بی کے تعاون کو سراہے ہوئے وفد کو میکرو اکنامک صورتحال اور موجودہ حکومت کے عدم توازن دور کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ شدید چیلنجز سے قطع نظر، حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے اصلاحات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل نے وفاقی وزیر کو کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی برائے پاکستان 2021-25 کے بارے میں آگاہ کیا ، انھوں نے بتایا کہ سماجی تحفظ، توانائی اور شہری انفراسٹرکچر کے شعبے میں مختلف منصوبے پہلے ہی جاری ہیں۔ وزیر خزانہ نے وفد کو جاری پروگراموں پر مکمل تعاون اور تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائی۔