جاپان پاکستان کے قریبی دوستوں میں سے ، تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کے قریبی دوستوں میں سے ایک ہے، جاپان پاکستان میں اہم منصوبوں میں معاونت کر رہا ہے۔

اس بات کا اظہار خیال وزیراعظم نے اسلام آباد میں جاپانی سرمایہ کاروں سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی تک پاکستان میں بہت سی جاپانی کمپنیاں کام کر رہی تھیں، جاپان نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر پاکستان کی مدد کی۔وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گاڑیوں کی صنعت سے ہزاروں افراد نے روزگار حاصل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جاپان نے جس طرح پہلی جنگ کے بعد ترقی کی وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں جاپان کی جانب سے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کی خطیر رقم دی گئی۔