اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انتشار اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ یہ ملک ہم سب کا ہے ہم نے ذاتی پسند اور ناپسند سے بالاتر ہو کر آئین اور قانون کے راستے پر چلیں گے تو پاکستان ترقی اور خوشحالی اور یگانگت اوراتفاق کی طرف بڑھے گا۔قوم کے اندر تقسیم در تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے اس سازش کو روکنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں اور زیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ ریڈ زون کا دورہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ریڈ زون کے دورے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ روز کے جلسے اور دھرنے کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس، ٹریفک پولیس اور رینجرز اہلکاروں سے ملاقات کی اور اہلکاروں سے ہاتھ ملایا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے لانگ مارچ کے دوران فرائض کی جانفشانی سے انجام دہی کو سراہا
انہوں نے کہا کہ بہتر انداز میں ڈیوٹی نبھانے پر اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آئین وقانون کے راستے پر چلیں گے توملک آگے بڑھے گا۔ اہلکاروں نے عوام کی جان ومال کے تحفظ کافریضہ بخوبی سرانجام دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے انتشار اور تقسیم کو ختم کرنا ہے، قوم کو جو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی اس کو روکنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے ہم نے ذاتی پسند اور ناپسند سے بالاتر ہو کر آئین اور قانون کے راستے پر چلیں گے تو پاکستان ترقی اور خوشحالی اور یگانگت اوراتفاق کی طرف بڑھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ اور عظیم مفادات کو محفوظ کرنے کے لئے اور عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں آئین اور قانون کا راستہ اپنا تے ہوئے سیکیورٹی اہلکارون نے اپنے فرائض کی انجام دہی کی ہے میں اس پر آپ کا شکر گزاور ہوں کہ آپ ذاتی پسند اور ناپسند سے بالات ہو کر قومی فریضہ ادا کررہے ہیں، یہی قائداعظم محمد علی جناح کا خواب تھا، ہم ، سب نے مل کر ایثار، قربانی اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ پاکستان کو مل کر تعمیر کرنا ہے اور نفرتوں کو ختم کرنا ہے ، محبت اور قومی سعادت کے جزبوں کو فروغ دینا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں آپ سب کا شکر گزار ہوں کہ آپ اپنی انتھک محنت ، امانت اور دیانت کے ساتھ ذاتی پسند اور ناپسند سے بالاتر ہو کر پاکستان کے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے قومی فریضہ نبھا رہے ہیں اور اپنا آئینی اورقانوی اختیار استعمال کررہے ہیں ، میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور داد دیتا ہوں کہ یہی وہ طریقہ ہے کہ جو حضرت قائد اعظم نے ہمیں سکھایا تھا ، ہم انشاء اللہ ضرور مل کر پاکستان کو قائد کا پاکستان بنائیں گے۔ 22کروڑ عوام کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں کہ یہ ملک خوشحالی، امن اور ترقی کی طرف بڑھے،قومی محبت ، یگانگت اور یکجہتی کی طرف بڑھے، انتشار اور تقسیم کو ہم نے روکنا ہے،قوم کے اندر تقسیم در تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے اس سازش کو روکنا ہے۔