پاکستان کی مقبوضہ کشمیرمیں مزید4 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی جانب سے 4مزید کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم اکتوبر2021 سے اب تک بھارتی قابض افواج جعلی مقابلوں اور نام نہاد تلاشی و چھاپوں کی کارروائیوں میں کم ازکم 25 کشمیریوں کو شہید کرچکی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ماورائے عدالت قتل، غیرقانونی حراستیں، قید وبند کی صعوبتیں، یومیہ بنیادوں پر ہراساں کرنے اور بنیادی آزادیوں پر قدغنوں کا سلسلہ معمول بن چکا ہے۔بھارت یاد رکھے کہ کشمیریوں کی اپنی اور مقامی جدوجہد کو بھارت منظم جبرواستبداد، مظالم اور طاقت کے بہیمانہ استعمال سے دبا نہیں سکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ریاستی دہشت گردی اور جبر کے نتیجے میں کشمیریوں کا اپنے منصفانہ نصب العین کے حصول کا عزم مزید پختہ اور توانا ہوا ہے۔پاکستان نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم سے متعلق ناقابل تردید شواہد پر مشتمل ڈوزئیر عالمی برادری کے سامنے پیش کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق اور عالمی قانون کی خلاف ورزیوںپر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔ بھارتی حکومت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے خصوصی اختیار(مینڈیٹ)کے حامل نمائندوں کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر جانے کی اجازت دے تاکہ وہ غیرجانبدارانہ طورپر حقائق جان سکیں جبکہ مقبوضہ خطے کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج استصواب رائے کا بنیادی حق استعمال کرنے کی اجازت دے۔