اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر پر الزامات کے معاملہ پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری توہین عدالت کے نوٹس پر معافی مانگ لی تاہم الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری معافی نامہ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے ۔
الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے خلاف کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔ منگل کے روز فواد چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ میں کسی کاغذی کارروائی میں نہیں پڑنا چاہتا اس لیے نوٹس واپس لیا جائے ۔ اس پر الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری سے کہا کہ وہ اپنی معذرت تحریری طور پر پیش کریں ۔
اس پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میری درخواست ہے کہ اس کیس کو ختم کر دیں میں خود بھی ایک وکیل ہوں اور حکومت کا ماؤتھ پیس ہوں ۔ میں نے کسی کو گالی نہیں دی ، میری معذرت قبول کر لیں ۔ اس پر الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری طور پر معافی نامہ جمع کروانے کا حکم دیا ۔
اس پر فواد چوہدری اور ان کے وکیل نے کہا کہ ہم تحریری معافی نامہ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کے شوکاز نوٹس پر مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔