امریکہ میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے ریلی کا انعقاد


واشنگٹن ،کراچی ( صبا ح نیوز )  قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے بین الاقوامی سطح پرمہم جاری ہے۔

اس سلسلے میں گذشتہ روز عافیہ فاؤنڈیشن امریکہ کے تحت مختلف تنظیموں کے ایک اتحاد نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور امام جمیل الامین کی رہائی کا مطالبہ کرنے کیلئے امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے متصل ایک سڑک سے ریلی کا انعقاد کیا۔ریلی کے شرکاء ”فری عافیہ” کے نعرے بھی لگارہے تھے۔

ترجمان عافیہ موومنٹ کے مطابق ریلی میں شریک انسانی حقوق کے علمبردار موری سلاخن و دیگررہنمائوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ جو کہ پاکستانی ماہر تعلیم ہیں جنہیں انتہائی ناقص شواہد کے باوجود افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملہ کرنے کے جرم میں 86 سال کی سزا سنائی گئی۔ امام جمیل الامین ایک عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ہیں جنہیں بلیک پینتھر پارٹی میں ایچ ریپ براؤن کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہیں بھی اٹلانٹا میں شیرف کے نائب کو گولی مارنے کے جھوٹے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا جبکہ انہوں نے اٹلانٹا، میں قائم کی گئی مسجد کے قریب متاثرہ محلوں کو منشیات سے پاک کیا تھا، اسلام کے بین الاقوامی پیغام کو عام اور انسانیت کی بھلائی کیلئے اور بھی بہت کچھ کیا تھا۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی 86 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں جبکہ امام جمیل الامین بغیر پیرول کے زندگی گزار رہے ہیں۔ ان دونوں افراد کے کیسوں میں اگر فرانزک شواہدپیش کرنے کی اجازت ہوتی تو انہیں بری کر دیا جاتا جبکہ دونوں کیسوں میں عینی شاہدین کی گواہی میں بھی انتہائی تضاد تھا۔ ڈاکٹرعافیہ صدیقی اور امام جمیل الامین کے کیسوں کی کسی بھی زاویہ سے جانچ پڑتال کی جائے وہ سیاسی قیدی ہیں۔