فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کی خدمت گار بن گئی:حماس


غزہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کی خدمت گار بن گئی۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے مرکزاطلاعات فلسطین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی سروسز کی جانب سے سیاسی گرفتاریوں میں اضافہ مغربی کنارے میں ہمارے لوگوں کے خلاف ایک حقیقی جرم ہے جو صرف اسرائیلی دشمن  اور اس کی پالیسیوں کی خدمت کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں سیاسی گرفتاریوں کے ذریعے شہریوں کے خلاف وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ شہریوں کی آزادی کو دبانے، اظہار رائے کو دبانے اور حق غصب کرنے کے واقعات بھی شامل ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی اس پالیسی کا تسلسل تمام قومی تحفظات کو نظر انداز کرنا ہے۔خاص طورپر یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب دوسری طرف قابض فوج نے غرب اردن میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کری ڈائون شروع کررکھا ہے۔