ملک پر مہنگائی کا طوفان اور سونامی عذاب کی صورت مسلط ہے،سینیٹر مشتاق احمد خان


پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کے ملک پر اس وقت مہنگائی کا طوفان اور سونامی عذاب کی صورت مسلط ہے جس نے غریب عوام اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ شدید مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے عوام کو فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں روز بروز گر رہی ہے۔ ڈالر کی قیمت 176 روپے اور فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ تیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ملکی معیشت کی تباہی کی زمہ دار موجودہ حکومت کی ناقص فنانشل منجمنٹ اور نا اہل مینیجرز ہیں۔ جو ملکی مفادات کے مقابلے میں  آئی ایم ایف کے مفادات کے تحفظ اور ڈکٹیشن پر عمل پیرا ہے۔ گیس، بجلی، پیٹرول اور اشیا خوردنوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ حکومت مارکیٹس پر کنٹرول کھو چکی ہے۔ مارکیٹس اس وقت مافیاز اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر ہے۔ مافیاز کے سرپرست صوبائی اور وفاقی کابینہ اور حکومتی صفوں میں موجود ہیں۔ تحریک انصاف کی 3 سالہ حکومت کے دوران ملکی قرضوں میں 16 ہزار ارب کا اضافہ ہوا ہے۔ بلدیاتی اداروں انتخابات آئینی اور دستوری تقاضا ہے جس سے دو سال تک تحریک انصاف نے فرار اختیار کیا اب اس کے بھاگنے کے راستے بند ہوچکے ہیں۔ 19 دسمبر کو عوام تحریک انصاف کو یکسر مسترد کردیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع بونیر کے ایک روزہ دورے کے دوران میڈیا ٹاک سے گفتگو میں کیا۔  دورے کے دوران ختم القرآن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور بعد میں  جماعت اسلامی بونیر کے ضلعی ذمہ دارن کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور انتخابی مہم کی منصوبہ بندی  کا جائزہ لیا گیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کے بلدیاتی الیکشن جمہوریت کی روح، دستور کا تقاضا اور عوام کا بنیادی آئینی حق ہے لیکن بدقسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت نے دو سال تک عوام کو انکے آئینی حق سے محروم رکھا۔ انہوں نے کہا کے حکومت نے جان بوجھ کر بلدیاتی نظام میں جگہ جگہ خامیاں چھوڑ رکھی تھیں تا کہ اس کو جواز بنا کر انتخابات کا التوا کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بروقت الیکشن کو یقینی بناتے ہوئے اس کو ولج کونسل کی سطح پر جماعتی بنیادوں پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کے بونیر جماعت اسلامی کا گڑھ ہے۔ بونیر کے عوام نے ہمیشہ جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کے بدلے میں جماعت اسلامی کے منتخب ممبران نے بونیر کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کے بونیر سمیت تمام صوبے کے 100 فیصد ویلج کونسلز اور تحصیلوں میں جماعت اسلامی اپنے نشان ترازو کے ساتھ الیکشن میں حصہ لیگی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بونیر حلیم باچا، جنرل سیکرٹری عالم خان، نائب امرا ناصر علی خان، عبدلغفار اور تحصیلوں کے لیے جماعت اسلامی کے نامزد امیدواران موجود تھے۔