اسرائیلی آباد کاروں کے تشدد سے زخمی فلسطینی ہسپتالوں میں علاج سے محروم


مقبوضہ بیت المقدس(صباح نیوز)اسرائیل کے 2ہسپتالوں میں اسرائیلی طبی ٹیموں نے 2فلسطینی نوجوانوں جاد عقل اور نور ابو خضیر کو علاج سے روک دیا۔ ان دونوں فلسطینیوں کو یہودی آباد کاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔

القدس کے شمال میں واقع قصبے شعفات سے تعلق رکھنے والے ان دونوں نوجوانوں نے بتایا کہ انہیں دو ہسپتالوں میں طبی عملے نے نسل پرستی کا نشانہ بنایا اور ڈاکٹروں نے انہیں علاج فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ ان میں سے ایک کو لگنے والے زخم کو ٹانکے لگا دیئے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اپنے جسم پر زخموں کے نشانات اور آنکھوں میں جلنے کی شکایت کے ساتھ ہسپتال گئے۔انہیں اسرائیلی ہسپتالوں میں علاج کے لیے جانے کی اجازت نہیں گئی جس کے بعد وہ شعفات کے ایک طبی مرکز میں آئے جہاں ان میں سے ایک کی آنکھ کے قریب لگنے والے زخم کو ٹانکے لگائے گئے۔یہ دونوں نوجوان مقبوضہ بیت المقدس کی یافا شاہراہ پر آباد کاروں کے ایک گروپ کے حملے میں زخمی ہوئے تھے۔