وزیرخارجہ سے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیرخان متقی کی زیر قیادت اعلی سطح وفد کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرخارجہ سے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیرخان متقی کی زیر قیادت اعلی سطح وفد کی ملاقات میں موجود تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے امن و استحکام کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 اسلام آباد میں افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیرخان متقی کی زیر قیادت اعلی سطح کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس میں صنعت و تجارت کے وزرا ء کے علاوہ وزیر خزانہ اور شہری ہوا بازی کے نائب وزیر خارجہ شامل تھے ۔

وزیر خارجہ نے افغانستان کیلئے پاکستا ن کی معاشی اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے مسلسل کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے افغانستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ افغانستان میں امن سے علاقائی استحکام ، معاشی سرگرمیوں اور رابطوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس کے دوران دوطرفہ تجارت مضبوط بنانے اور لوگوں کی فضائی اور زمینی راستے سے آمدو رفت کی سہولت کی فراہمی کیلئے قائم کیے گئے ورکنگ گروپوں کے اجلاسوں کے نتائج پربھی تبادلہ کیا گیا۔پاکستان نے مختلف شعبوں میں تکنیکی تعاون کی پیش کش کی اور متعدد تجاویز بھی پیش کیں۔موجود تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ نے ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں خاص طور پر کئی دھائیوں سے لاکھوں پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ مفاد میں تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی