مواصلات کا فن خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ناگزیر ہے، ڈاکٹر عارف علوی


کراچی(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مواصلات کا فن خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں آئی بی اے سٹی کیمپس میں ترقیاتی مباحثوں اور تنقیدی موضوعات پر دوسری سالانہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ موثر ابلاغ ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مواصلات کی ہنر پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے ان ٹولز کو سیکھنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کی پیداوار اور صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹولز دستیاب ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں یہ عام تاثر ہے کہ مولوی ملک میں آبادی کو کنٹرول کرنے میں رکاوٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو کہ غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولوی ہماری مدد کے لیے حاضر ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مغرب میں بھی خواتین کو مساوی حقوق فراہم نہیں کیے جاتے۔انہوں نے کہا کہ خواتین میں ٹیلنٹ ہے اور وہ پاکستان میں 70 سے 80 فیصد میرٹ پر میڈیکل کالجوں میں داخلہ لیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ میں آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر رابطہ وقت کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں آ ئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس اکبر زیدی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو کانفرنس میں خوش آمدید کہا۔ایس اکبر زیدی نے کہا کہ اس کانفرنس میں چھوٹے سے لے کر بڑے مسائل پر بحث مباحثہ کیا گیا ہے جس میں معذوری پر گفتگو بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی نمائندگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔