سابق چیف جسٹس آزادکشمیر ہائیکورٹ عبدالمجید ملک انتقال کر گئے،نماز جنازہ کل سہ پہر تین بجے میرپور سٹیڈیم میں اد ا کی جائیگی


میرپور (صباح نیوز)سابق چیف جسٹس آزادکشمیر ہائیکورٹ اور نامور سیاستدان عبدالمجید ملک میر پورمیں انتقال کر گئے ۔وہ کئی دنوں سے کرونا کے باعث شدید علیل تھے ۔ اور  میرپور میں ہی زیر علاج رہے ، شیدِ ملت کے ایچ خورشید کے دست راست، سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر، سابق صدر جموں و کشمیر لبریشن لیگ، تحریک آزادی کشمیر کا ایک روشن چمکتا ستارہ تھے ۔

ا نکی پوری زندگی کے-ایچ خورشید کے نظریات و افکار پر کاربند اور کشمیر کاز کے لیے جدوجہد سے عبارت ہے۔ بطور چیف جسٹس ہائی کورٹ مرحوم نے کئی تاریخی فیصلے کئے تھے جن میں 1993 میں کیاجانے والا گلگت بلتستان کے بارے یہ فیصلہ بھی شامل تھا جس میں انہوں نے گلگت بلتستان کو متحدہ ریاست جموں کشمیر کا تاریخی اور قانونی حصہ قرار دیا تھا جو قانون اور سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے سوگواروں میں دو بیٹے شوکت مجید ملک اور ذوالفقار ملک کوچھوڑا ہے۔مرحوم کی نمازجنازہ کل سہ پہر تین بجے  میرپور سٹیڈیم میں اد ا کی جائیگی ۔ جسٹس (ر )عبدالمجید ملک کے انتقال پر صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود، وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی ، چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان و دیگرنے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ مرحوم کے سوگ میں کل(بدھ کو ) عدالت عالیہ میرپور میں مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی

چیف جسٹس ازادکشمیر کشمیر راجہ سعید اکرم کا چیف جسٹس ریٹائرڈ عبدالمجید ملک کے انتقال پر اظہار تعزیت
جسٹری برانچ میرپور میں کل (بدھ کو) مقدمات کی سماعت نہیں ہو گی
سپریم کورت کے سینئر جج خواجہ محمد نسیم۔جسٹس رضا علی خان جسٹس محمد یونس کا بھی اظہار تعزیت

چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان, سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان،ایڈہاک جج سپریم کورٹ جسٹس محمد یونس طاہر نے سابق چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس عبدالمجید ملک کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے،

سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سابق چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس عبدالمجید ملک کی وفات پر آ ج بروز بدھ 2مارچ 2022رجسٹری برانچ میرپور میں مقدمات کی سماعت نہیں ہو گی۔

 آزاد کشمیر بھر کی وکلا برادری و عدلیہ جسٹس ریٹائرڈ عبدالمجید ملک کے انتقال پر افسردہ ھے،راجہ انعام اللہ خان

سابق ایڈووکیٹ جنرل آزاد کشمیر راجہ انعام اللہ خان نے کہا  ہے کہ سابق چیف جسٹس ازاد جنوں وکشمیر ہائی کورٹ عبدالمجید ملک کے انتقال سے آزاد کشمیر کے عوام ایک مدبر سیاست دان و ممتاز ماہر کشمیریات و قانون سے محروم ہوگئے ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کیا راجہ انعام اللہ خان ایڈووکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر بھر کی وکلا برادری و عدلیہ جسثس ریٹائرڈ عبدالمجید ملک کے انتقال پر افسردہ ھے انہوں نے لالہ اکرام لا چیمبرزکی جانب سے انکے صاحبزادگان اور فیملی ممبرز سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ عبدالمجید ملک مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ھے