عیدالاضحی ،کراچی کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں سے لدا پہلا ٹرک پہنچ گیا

کراچی(صباح نیوز)عیدالاضحی کی تیاریاں شروع ہوتے ہی کراچی کے شمالی بائی پاس پر واقع شہر کی سب سے بڑی موسمی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں سے لدا پہلا ٹرک پہنچ گیا، جس کے ساتھ ہی منڈی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ جانوروں کی آمد پر نوجوانوں میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا، جنہوں نے روایتی ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے جانوروں کا استقبال کیا۔منڈی کے منتظم شہاب علی نے بتایا کہ رواں سال تیاریوں کا آغاز عیدالفطر کے فورا بعد کر دیا گیا تھا، جو گزشتہ برسوں کی نسبت کہیں پہلے ہے۔ پہلا ٹرک احمد پور شرقیہ سے تعلق رکھنے والے مویشی تاجرجاوید بھٹی کی ملکیت ہے، جس میں 27 بیل اور گائیں لائی گئی ہیں۔شہاب علی کے مطابق اس سال منڈی میں تاجروں اور خریداروں کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔

پارکنگ فیس گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد کم کر دی گئی ہے، جبکہ تاجروں کو اپنے جانوروں کے لئے چارہ ساتھ لانے کی اجازت بھی دے دی گئی ۔ اس کے علاوہ تمام قربانی کے جانوروں کے لئے  مفت ویٹرنری چیک اپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ۔جانوروں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بڑے جانوروں کو روزانہ 30 لٹر اور چھوٹے جانوروں کو 8 لٹر پانی مفت فراہم کیا جائے گا۔شہریوں کی بڑی تعداد جلد منڈی کا رخ کرنے کی توقع ہے، جبکہ تاجروں کی جانب سے مزید جانوروں کی آمد کا سلسلہ بھی آئندہ دنوں میں تیز ہو جائے گا۔