سپیکر قومی اسمبلی کا سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

اسلام آباد(صباح نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر، ممتاز ماہرِ معاشیات اور سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کی سیاسی، سماجی، تعلیمی اور فکری خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد نہ صرف ایک بلند پایہ معیشت دان تھے بلکہ ان کی علمی بصیرت اور تعمیری کردار نے انہیں قومی سطح پر ایک نمایاں مقام عطا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم کی مذہبی، سیاسی اور سماجی خدمات ملک و ملت کے لئے ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کا شمار پاکستان کے ممتاز دانشوروں میں ہوتا ہے، اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔سپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔