اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)کی 51ویں گورننگ باڈی میٹنگ کے افتتاحی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے “ڈیجیٹل ڈرائیو ٹووارڈز سمارٹ پی ای سی” کے تحت متعدد انقلابی اقدامات کا افتتاح کیا، جن میں پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل نقشہ، پی ای سی لائیو موبائل ایپ، برین گین پورٹل، ڈیجیٹل پی ای سی کارڈ، اور ویب سائٹ کی ری ویمپنگ جیسے اقدامات شامل ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے وزیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ اجلاس میں سینیٹر عبدالقادر، پی ای سی مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین، رجسٹرار پی ای سی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے “سمارٹ پی ای سی” اقدامات کو انجینئرنگ کے شعبے میں ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز انجینئرز کو بااختیار بنانے اور بہتر گورننس کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے “برین گین پورٹل” کو ایک وژنری قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے بیرونِ ملک پاکستانی انجینئرز ملکی ترقی میں براہ راست حصہ لے سکیں گے۔
وفاقی وزیر نے پی ای سی کے ڈیجیٹل وژن کو سراہا اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک سمارٹ اور موثر ادارہ بنانا ہے جو انجینئرز اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہر سطح پر جڑا رہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل نقشہ قومی سطح پر منصوبہ بندی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، جب کہ پی ای سی لائیو موبائل ایپ انجینئرز کو بروقت معلومات اور سہولیات فراہم کرے گی۔ برین گین پورٹل بیرون ملک پاکستانی انجینئرز کو مقامی منصوبوں سے جوڑے گا اور پی ای سی ای-کارڈ ایک محفوظ ڈیجیٹل شناخت کے طور پر کام کرے گا۔
اس اجلاس میں پی ای سی کی اعلی قیادت، تعلیمی و صنعتی شعبوں کے نمائندے، اور سرکاری اداروں کے حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین، سینئر وائس چیئرمین، وائس چیئرمنز، اور گورننگ باڈی کے دیگر اراکین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شرکا نے پی ای سی کے ڈیجیٹل اقدامات کو پاکستان میں انجینئرنگ کے شعبے میں انقلاب قرار دیا، جو نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی شناخت کو مضبوط بنائیں گے۔