پاکستان کے نور زمان نے ورلڈ انڈر 23 سکواش چیمپئن جیت لی

کراچی(صباح نیوز)پاکستان کے نور زمان نے ورلڈ انڈر 23 سکواش چیمپئن جیت کر ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نور زمان نے چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں مصر کے کریم الترکی کو 3-2 سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹی ۔ نور زمان نے دو گیمز کے خسارے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور ٹائٹل کو اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ۔

نورزمان نے کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمت عملی یہی تھی کہ آخر تک مقابلہ کروں، میچ کافی اچھا تھا، مصری کھلاڑی حال ہی میں بھارت میں ایونٹ جیت کر آیا، میری کوشش یہی تھی کہ اچھا کھیلوں اور جیت سکوں، میچ کیلئے پریشرنہ لینے کا فیصلہ کیاتھا اور ایسا ہی کیا۔۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہباز شریف کا انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر پاکستانی کھلاڑی نور زمان کو خراج تحسین پیش کیا ہے وزیراعظم نے نور زمان کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ  نور زمان نے اپنے کھیل سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے انڈر 23 ورلڈ سکواش چیمپئن شپ کا فائنل جیتنے پر نور زمان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پیغام جاری کر دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقابلہ انتہائی دلچسپ تھا،دیکھنے  میں بڑا لطف آیا، نور زمان نے بڑی مہارت سے کھیلا اور جیت اپنے نام  کی، ہمارے کھلاڑی اسی لگن کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔