12سال سے نااہل لوگ خیبرپختونخوا پرمسلط ہیں،امیرمقام

پشاور (صباح نیوز) وفاقی وزیرامیرمقام نے کہا ہے کہ 12سال سے نااہل لوگ خیبرپختونخوا پر مسلط ہیں۔ پشاور میں یوم تشکرکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی جانب سے بجلی کی مد میں ریلیف دیا گیا، پورے خیبرپختونخوا میں اظہار تشکر کا پیغام دیا جارہا ہے، وزیراعظم کی بہترین کارکردگی پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف عید کا تحفہ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج صوبے کے عوام کی جانب سے پورے پاکستان کو پیغام دیا جارہا ہے، خیبرپختونخوا کے عوام اچھائی اوربرائی میں فرق محسوس کرتے ہیں، پشاورمیں مسلم لیگ (ن) کی پوری لیڈرشپ اور کارکنان کا مشکورہوں، جب بھی نوازشریف کو موقع دیا گیا وہ ملک کو کہاں سے کہاں لے گئے،انہوں نے موٹروے سے لیکر معاشی اصلاحات، دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔ امیرمقام نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے محنت کی اورکررہے ہیں، انہیں مشکلات میں ذمہ داری دی گئی، سب انتظار کررہے تھے کہ ملک کب ڈیفالٹ کرجائے گا۔ (ن) لیگ نے ٹیم ورک سے ناممکن کو ممکن بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے منشور کا بھی حصہ تھا کہ 2026ء تک مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پرلائیں، وزیراعظم دن رات کی محنت اورٹیم ورک کے نتیجے میں مہنگائی کو ایک سال میں سنگل ڈیجٹ پر لائے، ایک سال پہلے مہنگائی کی شرح 38فیصد تھی اورآج سنگل ڈیجٹ میں ہے، شرح سود 22فیصد سے12فیصد پر آگیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نکمی اور نااہل ہے، تمام ترقیاتی منصوبوں پرنوازشریف کا نام ہے،نوجوان ان کے ساتھ جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔