پشاور (صباح نیوز) اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر نسل کشی کی جنگ دوبارہ شروع کرنے اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے خلاف اسلامی جمعیت نے بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے مرکز جمعیت سے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی ظلم میں شرکت کے مترادف ہے۔آج 57مسلم ممالک کے ہوتے ہوئے اسرائیل کے مظالم پر خاموش ہیں۔ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی افواج نے غزہ میں نہتے مردوں،عورتوں اور بچوں کو شہید کردیا۔
اسلامی جمعیت طلبہ اہل فلسطین اور غزہ کے حق میں ملک بھر میں بڑی احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ تعلیمی اداروں میں فلسطین کاز اور غزہ کی موجودہ صورتحال سے متعلق آگہی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے جرات و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، اہل غزہ نے اسرائیل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، غزہ کے عوام کیساتھ اسلامی جمعیت طلبہ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ فلسطین کی آزادی تک اہل فلسطین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ حماس اور اہل غزہ نے پوری امت مسلمہ کے لیے ایک قابل تقلید مثال پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔آزادی فلسطینیوں کا حق ہے، اسرائیل کے ظلم اور درندگی کیخلاف بھرپور قوت کیساتھ احتجاج کیاجائیگا۔ ہم فلسطین کی آزادی،مسجد اقصیٰ کے تقدس کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔